Press Releases

Latest Press Releases

For Queries

15

DIGP Mirpurkhas Range presides over high-level meeting on crime control.

مورخہ: 13 جنوری 2026

کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ، پی ایس پی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص رینج کی زیرِ صدارت ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈاکٹر سمیر نور چنا، ایس ایس پی میرپورخاص کے علاوہ ضلع میرپورخاص کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج سی آئی اے نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مطلوب اور مفرور ملزمان، بالخصوص قتل کے مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے جو معاشرے کو تباہ کر رہی ہے اور دیگر جرائم کا سبب بنتی ہے، لہٰذا منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار اس مکروہ کاروبار میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی آئی جی میرپورخاص نے اسٹریٹ کرائم، خصوصاً موٹر سائیکل اسنیچنگ اور چوری کے خاتمے پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک غریب آدمی کے لیے موٹر سائیکل قیمتی اثاثہ ہوتی ہے، اس کے چھن جانے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا ایسے جرائم کا مکمل تدارک کیا جائے۔

انہوں نے ہائی کورٹ اور سیشن کورٹ کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کی حفاظت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ زیرِ التواء مقدمات کے چالان بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بار بار عدالتوں کے چکر نہ لگانے پڑیں اور انصاف میں تاخیر نہ ہو۔

ڈی آئی جی میرپورخاص نے پی ایس آر ایم ایس پر مؤثر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔

مزید برآں، پوائنٹ میٹنگ میں حاضری کو ہر صورت یقینی بنانے اور اس پر مکمل عملدرآمد کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی۔

ڈی آئی جی میرپورخاص نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں، کیونکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے

 


© 2024 Sindh Police - All Rights Reserved.

Powered By: Software Section, I.T Directorate Sindh, Sindh Police.