Press Releases

Latest Press Releases

For Queries

15

سندھ ٹیمپریری ریزیڈنسی ایکٹ

پریس ریلیز---ضلع پولیس کشمور

مورخہ: 09 مارچ 2026

 

*سندھ ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015 پر عملدرآمد، مکان مالکان کو کرایہ داروں کا اندراج کروانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت*

 

*ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو* کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں *سندھ ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015* پر عملدرآمد کے حوالے سے خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے۔

 

 اس سلسلے میں ضلع کشمور کے مختلف تھانوں کی پولیس کی جانب سے چیکنگ اور ویریفکیشن کا عمل جاری ہے تاکہ بغیر اندراج رہائش پذیر افراد کی نشاندہی کی جاسکے اور سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جاسکے۔

 

*ضلع کشمور کے تمام مکان مالکان، پراپرٹی ڈیلرز، ہوٹل مالکان اور ہاسٹل منتظمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں اور عارضی رہائشیوں کی مکمل تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایک ہفتے کے اندر لازمی طور پر درج کروائیں*۔

 

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے بعد بغیر اندراج رہائش رکھنے والے افراد اور ان کے مکان مالکان کے خلاف سندھ ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015 کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

*سندھ ٹیمپریری ریزیڈنٹس ایکٹ 2015 – مختصر معلومات*

 

یہ قانون سندھ حکومت کی جانب سے بنایا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد کرایہ داروں، مہمانوں اور عارضی رہائش پذیر افراد کا ریکارڈ پولیس کے پاس رکھنا ہے تاکہ جرائم اور دہشت گردی کی روک تھام، تفتیش اور قانونی کارروائی میں مدد حاصل کی جا سکے۔

 

*اہم نکات*

 

🔹 کرایہ دار کی معلومات فراہم کرنا

گھر کے مالک، پراپرٹی ڈیلر یا کرایہ دار پر لازم ہے کہ وہ گھر کرایہ پر دینے کے 48 گھنٹوں کے اندر کرایہ دار کی مکمل معلومات متعلقہ پولیس اسٹیشن کو فراہم کریں۔

 

🔹 ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس کے مہمان

ہوٹل یا گیسٹ ہاؤس کے مالک یا منیجر کے لیے لازم ہے کہ مہمان کے آنے کے 3 گھنٹوں کے اندر اس کی معلومات پولیس کو فراہم کریں۔

 

🔹 *شناختی دستاویزات*

کرایہ دار یا مہمان کی شناختی کارڈ (CNIC) یا پاسپورٹ کی نقل حاصل کرنا اور پولیس کو فراہم کرنا ضروری ہے۔

 

🔹 *پولیس کا ڈیٹا بیس*

پولیس تمام کرایہ داروں اور مہمانوں کا ڈیٹا بیس مرتب کرتی ہے جسے جرائم کی روک تھام اور تفتیشی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

🔹 *پولیس کو چیکنگ کا اختیار*

قانون کے تحت پولیس افسر گھروں، ہوٹلوں یا ہاسٹلز کی چیکنگ کر سکتا ہے اور ضروری معلومات حاصل کر سکتا ہے۔

 

🔹 *اسلحہ سے متعلق شرط*

کرایہ دار یا مہمان کے پاس غیر قانونی اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد رکھنا ممنوع ہے جبکہ لائسنس یافتہ اسلحہ کی بھی معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔

 

*قانون کی خلاف ورزی پر سزا*

 

قانون پر عمل نہ کرنے کی صورت میں چھ 06 ماہ تک قید، 10 دس ہزار سے 45 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

 

یہ جرم قابلِ گرفتاری اور ناقابلِ ضمانت تصور کیا جاتا ہے۔

 

ضلع کشمور پولیس شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قانون پر عملدرآمد میں پولیس کا ساتھ دیں اور اپنے کرایہ داروں اور عارضی رہائشیوں کی معلومات فوری طور پر متعلقہ تھانے میں جمع کروائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

ترجمان ضلع پولیس کشمور


© 2024 Sindh Police - All Rights Reserved.

Powered By: Software Section, I.T Directorate Sindh, Sindh Police.