Press Releases
Latest Press Releases
For Queries
15
ڈی آئی جی حیدرآباد رینج کے ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے دورے، منشیات و جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایات
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق خان دھاریجو حیدرآباد رینج نے ٹھٹہ، سجاول اور بدین اضلاع کے تفصیلی دورے کیے جہاں اُنہوں نے علیحدہ علیحدہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے امن و امان، جرائم کی روک تھام، سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں، منشیات بالخصوص آئس، مضرِ صحت مین پوری و گٹکا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاسوں میں ایس ایس پی ٹھٹہ ساجد امیر سدوزئی، ایس ایس پی سجاول میڈم علینہ راجپر اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے اپنے اپنے اضلاع میں منشیات فروشوں، گٹکا سپلائرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور حاصل شدہ کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر تھانہ جات کی کارکردگی، مقدمات کی تفتیش، عوامی شکایات کے بروقت ازالے، پولیس گشت، ناکہ بندیوں اور مجموعی پولیسنگ کے معیار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاسوں میں متعلقہ اضلاع کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی آئی اے انچارجز، پولیس پوسٹ اور چیک پوسٹ انچارجز نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات خصوصاً آئس جیسی خطرناک لعنت نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے، جس کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضرِ صحت مین پوری و گٹکے کی تیاری اور خریدو فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رکھا جائے گا اور منشیات فروشوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کارروائیوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے جبکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ، فوری رسپانس اور میرٹ پر مبنی کارروائیاں ہی عوام کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔
ضلع ٹھٹہ میں ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیت ہی پولیس فورس کی اصل پہچان ہے اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے بہترین کارکردگی کا تسلسل ناگزیر ہے۔
دورہ سجاول کے دوران ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے پولیس موبائلز اور دیگر سرکاری گاڑیوں کی انسپیکشن بھی کی جبکہ زیرِ تعمیر وومین پولیس اسٹیشن سجاول کے تعمیراتی امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔